نانیوں، دادیوں کے گھریلو ٹوٹکوں کی افادیت ہر دَور میں تسلیم کی گئی ہے۔سو، ذیل میں ایسے ہی چند آزمودہ ٹوٹکے درج کیے جارہے ہیں۔
٭اگر پنیر زیادہ دِن محفوظ رکھنا ہوتو اس کے چاروں طرف نمک لگا کر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر رکھ دیں۔
٭ فریزڈ گوشت فوری پگھلانے کے لیے ایک باؤل میں ٹھنڈا پانی لے کر نمک مِکس کریں اور اس میںگوشت بھگودیں۔
٭اگر پکتے ہوئے چنوں کے سالن میں اُبلتا ہوا گرم دودھ شامل کر دیں، تو جلدی گل جائیں گے۔
٭سالن زیادہ پتلا ہو جائے، تو اس میں 5تا 6عدد کاجو یا بادام کا پیسٹ شامل کردیں،شوربا گاڑھا ہوجائے۔
٭اگر ہاتھ جل جائے تو پیاز کے عرق میں نمک مِلا کر لگالیں، جلن نہیں ہوگی، جب کہ جلے ہوئے حصّے پرنمک اور سرسوں کا تیل مِلاکر لگانے سے آبلے نہیں پڑتے۔
٭جب کبھی اولے پڑیں، تو انہیں صاف شیشے کی بوتل میں ڈال کر محفوظ کرلیں۔جسم کا کوئی حصّہ جل جائے، تو یہ پانی روئی کی مدد سے متاثرہ حصّہ پر لگائیں، جلن محسوس نہیں ہوگی۔
٭بعض افراد کی بار بار نکسیر پھوٹتی ہے،جس کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں۔ بہتر تو یہی ہے کہ معالج سے رجوع کیا جائے۔تاہم، گاجریں چھیل کرکدّوکش کرلیں۔ پھر انہیں چند روز کے لیے دھوپ میں باریک کپڑے سے ڈھانپ کر رکھ دیں، جب اچھی طرح خشک ہوجائیں، تو کسی برتن میں محفوظ کرلیں۔ گرمیوں میں صُبح نہار منہ ایک گلاس صندل یا چینی کے سادہ شربت کے ساتھ دو چائے کے چمچ یہ خشک گاجریں کھالیں۔ چند ہی روز میں افاقہ ہوجائےگا۔